جمعہ 16 اکتوبر 2026 - 17:53
مذہب کے نام پر پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، عالم اسلام مظلوموں کی حمایت اور اتحاد کو ترجیح دے: مولانا سید رضا حیدر زیدی

حوزہ/ شاہی آصفی مسجد، لکھنؤ میں 16 اکتوبر 2026ء کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی، پرنسپل حوزہ علمیہ غفران مآبؒ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطبۂ جمعہ میں انہوں نے معرفتِ الٰہی، ولایتِ اہل بیت علیہم السلام، خاندانی تعلقات، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت اور مذہبی و تاریخی عمارتوں کے تحفظ سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہی آصفی مسجد، لکھنؤ میں 16 اکتوبر 2026ء کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی، پرنسپل حوزہ علمیہ غفران مآبؒ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطبۂ جمعہ میں انہوں نے معرفتِ الٰہی، ولایتِ اہل بیت علیہم السلام، خاندانی تعلقات، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت اور مذہبی و تاریخی عمارتوں کے تحفظ سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے پہلے خطبے میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں معرفتِ الٰہی اور الہام کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر باطنی خیال کو الہامِ الٰہی قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ کسی خیال کی صحت کو قرآن، سنت اور عقل کی روشنی میں پرکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے امام معصومؑ کے الہام اور عام انسان کے باطنی خیال میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اہل بیت علیہم السلام کو علم و فضیلت کے بلند مراتب عطا فرمائے اور دین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے۔

انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبۂ فدکیہ کے بعض مضامین کا تقابلی مطالعہ پیش کرتے ہوئے علماء اور مبلغین پر زور دیا کہ وہ خطبۂ فدکیہ کا مطالعہ کریں اور اس کی تعلیمات کو منبر و مجالس کے ذریعے عام کریں۔ ان کے مطابق معرفتِ الٰہی اور ولایتِ اہل بیت علیہم السلام کی حقیقی معرفت انسان کی فکری اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

دوسرے خطبے میں مولانا نے سورۂ نساء کی آیت 36 کا حوالہ دیتے ہوئے خاندانی تعلقات میں حسنِ سلوک کی اہمیت بیان کی۔ حضرت آدم علیہ السلام کے فرزندوں ہابیل اور قابیل کے واقعے کی روشنی میں انہوں نے کہا کہ بھائیوں کے درمیان جھگڑوں کی ایک بنیادی وجہ حسد ہے۔ حسد انسان کو اپنے بھائی کی نعمتوں سے ناخوش کرتا اور رشتوں میں نفرت پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ دوسروں کی نعمتوں پر حسد کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے اپنے لیے خیر و برکت کی دعا کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس موضوع پر آئندہ خطبات میں مزید گفتگو کا بھی عندیہ دیا۔

حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے حوالے سے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے آپؑ کے علمی و روحانی مقام اور سیرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آپؑ کے معروف القاب، بالخصوص ’’عالمہ غیر معلّمہ‘‘ اور ’’کفیلۃ السجاد‘‘، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کی زندگی علم، ایمان، استقامت اور احساسِ ذمہ داری کے حوالے سے اہل ایمان کے لیے نمونۂ عمل ہے۔ انہوں نے سامعین کو سیرتِ حضرت زینب سلام اللہ علیہا سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کی۔

لکھنؤ کی قدیمی کربلا دیانت الدولہ بہادر کے ایک مینار کے منہدم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے مولانا نے مذہبی و تاریخی عمارتوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمارتیں مذہبی شناخت اور تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کے لیے باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر سنجیدہ اقدامات کیے جانے چاہییں۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے خطے کی کشیدہ صورتِ حال اور جاری تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے مسلمانوں کو حقائق کی تحقیق کرنے اور مذہب کے نام پر کیے جانے والے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے عالم اسلام میں اتحاد، مظلوموں کی حمایت اور امن و انصاف کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو تقویٰ، معرفتِ اہل بیت علیہم السلام اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، نیز مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی و تاریخی مقامات کی حفاظت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha